لاہور میں خواتین اور بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں اضافہ پولیس بے بس

صوبائی دارالحکومت میں اغوا کی وارداتوں کے مقدمات درج، پولیس تاحال کسی بھی مغوی کو بازیاب کروانے میں ناکام ہے

(فوٹو: فائل)

پنجاب کے دارالحکومت میں خواتین اور بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا جب کہ پولیس کنٹرول کرنے میں بے بس دکھائی دیتی ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور میں 9 افراد کو اغوا کرلیا گیا ہے، جس کے بعد وارداتوں کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔


شیرا کوٹ کے علاقے سے 3 کم سن بہن بھائیوں کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ نورین بی بی کے بچے 11 سالہ عنبرین، 8 سالہ امدادعلی اور 5 سالہ حیدر علی کو گھر سے نامعلوم افراد اغوا کرکے لیے گئے۔ علاوہ ازیں چوہنگ کے علاقے سے خاتون 2 بچوں سمیت اغوا کرلی گئی۔ ایمن بی بی اور اس کے 2 بچے 5 سالہ مزمل اور 2 سالہ مہ جبین چیچہ وطنی سے بس کے ذریعے لاہورٹھوکرنیازبیگ اڈے پراترے، جس کے بعد لاپتا ہوگئے جب کہ خاتون کا فون بھی بند ہے۔

فیصل ٹاؤن کے علاقے سے 13 سالہ لڑکی کو اغوا کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق نظام دین کی بیٹی حمیرا کو سودا سلف لینے جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔ اس کے علاوہ ہنجروال کے علاقے میں 12 سالہ لڑکے کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ محمد ارشد ساغر کے 12 سالہ بھانجے اکبر علی کو اسکول سے واپس جاتے اغوا کیا گیا۔

پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے سے 7 سالہ بچی اغوا کر لیا گیا۔ افتخار علی کی بیٹی صفیہ بچوں کے ساتھ باہر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، تاہم تاحال کسی بھی مغوی کو بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔
Load Next Story