ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ 281 روپے سے تجاوز کرگئے
انٹربینک ریٹ 30 پیسے کی کمی سے 279روپے 42 پیسے کی سطح پر بند ہوئے
زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی محدود پیش قدمی جاری رہنے سے اوپن ریٹ 281 روپے سے تجاوز کرگئے۔
معیشت کے بنیادی معاملات میں بہتری اور مرکزی بینک کی معاشی نمو کی پیشگوئی کے باجود زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد ڈالر کی محدود پیش قدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 281روپے سے تجاوز کرگئے۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کےاختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 30پیسے کی کمی سے 279روپے 42پیسے کی سطح پر بند ہوئے، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50پیسے کے مزید اضافے سے 281روپے 50پیسے پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بنیادی عوامل میں بہتری آئی ہے کیونکہ درآمدی سرگرمیاں محدود ہیں، برآمدات و ترسیلات زر میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے جس سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہورہی ہے۔
ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے بھی رواں ماہ مجموعی طور پر 500ملین ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں سرینڈر کیے گئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے جائزے کے تناظر میں زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں شرح تبادلہ کی ایڈجسٹمنٹ کی جارہی ہے اور یہ محسوس ہورہا ہے کہ ڈالر کی قدر 280روپے کے اردگرد رہ سکتی ہے۔
ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ سے اس بات کی عکاسی ہورہی ہے کہ مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہونے کے باوجود ڈیمانڈ آتے ہی ڈالر کی قدر میں اضافے کا رحجان غالب ہوجاتا ہے لہٰذا زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں شرح تبادلہ کا تعین مارکیٹ کی قوتیں ہی کررہی ہیں۔