پاکستان ورلڈکپ سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے اگر مگر کا کھیل شروع

قومی ٹیم کو تمام میچز میں جیت کے ساتھ رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہوگا


ویب ڈیسک October 24, 2023
فوٹو: فائل

افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ضرور ہوگئے ہیں لیکن ختم نہیں ہوئے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اب تک اپنے پانچ گروپ میچ کھیل چکا ہے جس میں اُسے دو میں فتح ملی اور تین میں شکست ہوئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

پاکستان کے اب چار میچ باقی بچے اور اگر پاکستان یہ تمام جیت جاتا ہے تو اسکے زیادہ سے زیادہ ممکنہ پوائنٹس 12 ہوجائیں گے۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقا، 31 اکتوبر کو بنگلا دیش، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ عماد وسیم پاکستانی بیٹرز کی ناقص پرفارمنس پر بھڑک اٹھے

پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقا 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اور بھارت اپنے پانچ پانچ میچز کھیل چکے ہیں جبکہ جنوبی افریقا اپنا پانچواں میچ آج بنگلا دیش کیخلاف کھیل رہا ہے۔

بظاہر بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی سیمی فائنل میں جگہ پکی نظر آتی ہے تاہم چوتھی کوالیفائنگ پوزیشن کے لیے اصل مقابلہ پاکستان اور آسٹریلیا میں ہوگا۔ آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے تاہم آسٹریلیا نے ابھی چار میچز کھیلے ہیں اور اس کے پانچ میچ باقی ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان کیخلاف شکست؛وسیم اکرم نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوال اُٹھادیا

اگر آسٹریلیا اپنے باقی میچوں میں سے صرف ایک میچ ہارتا ہے اور چار میں کامیاب ہوتا ہے تو پاکستان کے اگلے تمام میچز جیتنے کی صورت میں دونوں کے پوائنٹس 12، 12 ہوجائیں گے اور رن ریٹ کی بنیاد پر دونوں میں سے کوئی ایک سیمی فائنل میں جائے گا لیکن اگر آسٹریلیا دو میچز ہارتا اور اور پاکستان تمام میچز جیت جاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گا۔

مزید پڑھیں: افغانستان کیخلاف شکست؛ گمبھیر نے پاکستان کی خامیوں کی نشاندہی کردی

اگر جنوبی افریقا اپنے باقی میچز میں سے دو ہار جاتا ہے تو 9 میچز میں تین شکستوں کے ساتھ اس کے پوائنٹس بھی 12 ہوجائیں گے اور پھر تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے تو نہ صرف اپنے باقی تمام میچ جیتنا ہوں گے بلکہ ساتھ ہی رن ریٹ پر بھی فوکس کرنا ہوگا تاکہ چوتھی یا تیسری پوزیشن کیلئے رن ریٹ کی بنیاد پر کوالیفائی کرسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں