پولیس کی کارروائیاں گاڑیاں اور موٹرسائیکل چوری میں ملوث گروہ گرفتار کباڑیے بھی شامل

شہر میں گاڑیوں کی چوری یا چھیننے کی وارداتوں میں کباڑیے ملوث ہیں، موٹرسائیکلیں کوئٹہ میں فروخت ہوتی ہیں، پولیس

فوٹو ایکسپریس

سندھ پولیس اور اے وی سی ایل سی نے تین مختلف کارروائیوں میں موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں چوری کرنے والے 20 ملزمان سمیت کباڑیوں کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ ایس ایس پی نے انکشاف کیا ہے کہ شہر سے چھینی اور چوری کی گئی گاڑیوں کی خرید و فروخت میں کباڑی ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جیکسن پولیس نے موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا جو مسروقہ موٹر سائیکلوں کے پارٹس کھول کر اور جعلی دستاویزات پر موٹر سائیکلیں فروخت میں ملوث ہے۔

ملزمان کے قبضے سے 2 مسروقہ ، پارٹس کی شکل میں تبدیل 3 موٹر سائیکلیں اور ایک کلو سے زائد چرس بھی برآمد ہوئی۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ ایس ایچ او جیکسن مختار پنہور نے خفیہ اطلاع پر کیماڑی کے مختلف علاقوں میں انتہائی متحرک و مطلوب 3 رکنی موٹر سائیکل لفٹنگ گینگ کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت سلمان ، زین الدین اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری کی گئی 2 موٹر سائیکلوں کے علاوہ 3 موٹر سائیکلوں کے اسپیئر پارٹس اور ایک کلو سے زائد چرس بھی برآمد کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شامل زین الدین گروہ کا سرغنہ ہے جبکہ ملزمان چوری کی گئی موٹر سائیکلوں کے اسپیئر پارٹس مختلف علاقوں میں فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ مسروقہ موٹر سائیکلوں کے جعلی دستاویزات بنا کر کوئٹہ میں لیجا کر فروخت کرنے میں بھی ملوث تھا جبکہ جعلی دستاویزات بنوانے اور موٹر سائیکلوں کو کو کوئٹہ پہنچانے میں معاونت فراہم کرنے والے 2 ملزمان بلوچستان میں موجود ہیں جنکی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کر رہی ہے تاہم پولیس گرفتار ملزمان سے چوری کی گئی موٹر سائیکلوں کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔


دوسری جانب ایس ایس پی اے وی ایل سی محمد کلیم نے بتایا کہ اینٹی وائلٹ کرائم سیل نے دو اہم کارروائیوں میں چوری کی گاڑیاں خریدنے والے کباڑیے سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی کارروائیوں میں گاڑیاں چوری کرنےاورخریدنے والےکباڑی شامل ہیں، دس ملزموں سےچوری شدہ بیس گاڑیوں کے پارٹس، چار گاڑیاں ملی ہیں، گزشتہ دنوں ملزم بابرکو زخمی حالت میں گرفتارکیا تھا، جس کے موبائل سے اہم ڈیٹا حاصل کر کے کارروائیاں کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے وزیرستان میں رابطےتھے، موبائل فون ریکارڈ سے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم چوری شدہ گاڑیاں پریس مشین سے لوہے میں تبدیل کرتےتھے۔

اے وی سی ایل سی نے دوسری کارروائی لیاری میں کی جہاں سے تین موٹرسائیکل لفٹروں کو گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزمان سے 20 موٹر سائیکلوں کے حصے برآمد کیےگئے ہیں، اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کباڑیوں پرکریک ڈاون کیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہرسے گاڑیاں چوری اور چھینے کی وارداتوں میں کباڑیے ملوث ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق لیاری سے تین موٹرسائیکل لفٹر دھرے گئے، جن کی نشندہی پر چار کباڑی بھی گرفتار ہوئے۔ دو گرپوں کے 17 ملزمان اب تک گرفتار ہوئے ہیں، گرفتار ملزمان میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو پہلے بھی جیل جاچکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کارروائیوں کے بعد چوری کی وارداتوں میں کمی آئے گی۔
Load Next Story