کراچی کٹی پہاڑی کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے نوجوان جاں بحق

منگھوپیر میں ٹائر کی ہوا بھرنے کے دوران کمپریسر پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے، پولیس

فوٹو؛ فائل

نارتھ ناظم آباد کٹی پہاڑی کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ منگھوپیر میں ٹائر کی ہوا بھرنے کے دوران کمپریسر پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کٹی پہاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی۔

ایس ایچ او شارع نور جہاں قمر کیانی نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 25 سالہ انور کے نام سے کی گئی جبکہ انھوں نے پہاڑی تودہ گرنے سے نوجوان کی ہلاکت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ انور پیر آباد کا رہائشی تھا جو شپ اونر چورنگی کے قریب قائم ہوٹل کی ویلے پارکنگ کا کام کرتا تھا۔


قمرکیانی نے مزید بتایا کہ متوفی نوجوان موٹر سائیکل پر ہوٹل جا رہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل سلپ ہوئی اور سڑک کے کنارے پہلے سے پڑے ہوئے پہاڑی پتھروں سے اس کا سر ٹکرا گیا جس کے باعث وہ گہری اندرونی چوٹیں لگنے سے جاں بحق ہوگیا تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

دریں اثنا منگھوپیر کے علاقے مائی گاڑی چوکی کے قریب پنکچر کی دکان میں ٹائر میں ہوا بھرتے ہوئے کمپریسر پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں ایدھی کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔

زخمیوں کی شناخت 28 سالہ شکیل اور 40 سالہ مومن خان کے نام سے کی گئی جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔
Load Next Story