پی آئی اے کو 16 روز میں ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان
ابتک 16 روز میں پی آئی اے کی منسوخ کی جانے والی مجموعی پروازیں 340 ہوگئیں
پی ایس او سے ایندھن نہ ملنے کے باعث قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو 16 روز میں ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
پی آئی اے کی آج بھی ملک بھر میں 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
کراچی سے جانے اور آنے والی 2 طرفہ 12 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ کراچی سے اسلام آباد کی دو طرفہ 4 پروازیں، کراچی سے لاہور کی دو طرفہ 4 پروازیں، کراچی سے لاہور کی پی کے 302 اور لاہور سے کراچی 303، کراچی سے فیصل آباد کی دو طرفہ پروازیں پی کے 340 اور پی کے 341، پی آئی اے کی کراچی سے مسقط کی دو طرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
کراچی سے سوئی جانے والی پرواز پی کے 155 دو گھنٹے تاخیر سے دوپہر 12 بجے شیڈول کر دی گئی جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔
پی آئی اے ترجیحی پروازوں کے لیے پی ایس او سے ایندھن کیش پر لیکر فلائٹ چلا رہا ہے۔ ابتک 16 روز میں پی آئی اے کی منسوخ کی جانے والی مجموعی پروازیں 340 ہوگئیں۔