راولپنڈی ٹریفک وارڈنز نے لڑکی کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

فیض آباد میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن نے گاڑی میں سوار لڑکی کا شور سن کر آگے موجود عملے کو الرٹ کردیا تھا

فوٹو: فائل

ٹریفک پولیس کے وارڈنز نے لڑکی کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیض آباد میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن اختر نے ایک گزرتی ہوئی گاڑی میں سے لڑکی کے چلانے کی آواز سنی، لڑکی چیخ رہی تھی کہ ڈرائیور مجھے اغوا کررہا ہے۔

لڑکی کا شور سن کر ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن نے وائرلیس میسیج کے ذریعے سینئرز اور پوائنٹ ڈیوٹی پر موجود عملے کو اطلاع دے کر الرٹ کیا۔


ڈی ایس پی نیو ٹاؤن نے بتایا کہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو روک کر لڑکی کو بازیاب کرایا گیا اور ڈرائیور کو صادق آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

بعدازاں لڑکی کو اس کے لواحقین کے ساتھ گھر بھجوا دیا گیا۔

سی ٹی او تیمور راولپنڈی نے بہترین ڈیوٹی کرنے پر سرکل انچارج نیو ٹاؤن و ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انعام و سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story