فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اذان سمیع نے اپنے میوزک البم کی ریلیز روک دی

اذان سمیع نے کہا کہ میں فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور پوری دنیا میں موجود اُمتِ مسلمہ کے ساتھ کھڑا ہوں


ویب ڈیسک October 26, 2023
یہ جشن منانے کا وقت نہیں ہے؛ اذان سمیع (فوٹو: ویب ڈیسک)

معروف گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے اپنے میوزک البم کی ریلیز کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اذان سمیع خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے چاہنے والوں کے لیے ایک خصوصی نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے 30 اکتوبر کو ریلیز ہونے والے اپنے نئے میوزک البم کی ریلیز سے متعلق اہم اعلان کیا۔

اذان سمیع خان نے کہا کہ "میں جب بھی کوئی گانا تیار کرتا ہوں تو میرا مقصد، اُس گانے کے ذریعے محبت پھیلانا ہوتا ہے لیکن ابھی اس وقت جو دُنیا کی موجودہ صورتحال ہے، اُس میں محبت کا جشن منانا مناسب نہیں ہے"۔




گلوکار نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ "فلسطین میں مظالم اور مسلم دنیا پر حملہ ہم میں سے ہر ایک پر حملہ ہے، ایسے میں کوئی خوشی منانے کا دل نہیں کررہا، فلسطین کے لوگوں کو دیکھ کر بہت زیادہ دُکھ ہوتا ہے"۔

اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "بھاری دل کے ساتھ، میں یہ کہنا چاہوں گا کہ میں اپنا نیا البم، جو رواں ماہ 30 اکتوبر کو ریلیز ہونا تھا، اُس کی ریلیز کی تاریخ کو آگے بڑھا رہا ہوں، اب یہ البم 12 نومبر کو ریلیز ہوگا"۔

مزید پڑھیں: فلسطین 70 سال سے اپنی زندہ دلی کی قیمت چُکا رہا ہے؛ بھارتی اداکارہ

اذان سمیع نے کہا کہ "میں فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور پوری دنیا میں موجود اُمتِ مسلمہ کے ساتھ کھڑا ہوں، میں اُن تمام خاندانوں کے لیے گہرے دُکھ کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے معصوم پیاروں کو کھودیا"۔

گلوکار نے فلسطین کے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ "انشاء اللہ! میں اُمید کرتا ہوں کہ ہم ایک ایسی دنیا کے لیے کام کریں گے جہاں ہمارے بچے ان غلطیوں کو نہ دُہرائیں جو ہم سب نے کی ہیں"۔

مزید پڑھیں: اسرائیل فلسطین کشیدگی؛ فیصل قریشی کا سالگرہ نہ منانے کا اعلان

اس سے قبل معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا تھا۔


واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے سے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی ہے جس کے باعث غزہ اور مغربی کنارے میں میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 6546 تک پہنچ گئی ہے جس میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں