ورلڈکپ دفاعی چیمپئن انگلینڈ سری لنکا سے بھی ہار گیا

انگلینڈ کا 157 رنز کا ہدف سری لنکا نے دو وکٹوں کے نقصان پر بنالیا

فوٹو: گیٹی امیجز

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ سری لنکا سے بھی ہار گیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کوالیفائر میچز کھیلنے کے بعد ورلڈ کپ میں پہنچا تھا جبکہ انگلینڈ گزشتہ ورلڈ کپ کا فاتح ہے۔ اس سے قبل اسی ٹورنامنٹ میں افغانستان نے بھی انگلینڈ کو شکست دیکر ورلڈ کپ 2023 کا پہلا اپ سیٹ کیا تھا۔

انگلینڈ ٹورنامنٹ کے دوران اپنے پانچ میچز میں سے اب تک صرف ایک میچ بنگلادیش کیخلاف جیت سکا ہے اور چار میں شکست ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا نے بھی انگلش ٹیم کو شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: نیدرلینڈز کو شکست، آسٹریلیا کی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑی فتح

بنگلورو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کیلئے 157 رنز کا انتہائی آسان ہدف دیا تھا جسے سری لنکا نے 25.4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے کیا تاہم 9 رنز کے مجموعی اسکور پر کوشل پریرا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان کوشل مینڈس بھی 11 رنز بناکر چلتے بنے۔

تیسری وکٹ پر پاتھم نسانکا اور سدیرا سمراوکرما کے مابین 122 گیندوں پر 137 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ لگی جس کی بدولت سری لنکن ٹیم نے 26 ویں اوور میں با آسانی ہدف حاصل کرلیا۔ پاتھم نسانکا 70 اور سدیرا سمروکرما 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی طرف سے دونوں وکٹیں ڈیوڈ ولی نے حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگز:


انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 33.2 اوورز میں محض 156 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ اوپنر جونی بیرسٹو 30 اور ڈیوڈ ملان 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بین اسٹوکس نے 72 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 15، جو روٹ 3، کپتان جوز بٹلر 8، لیام لیونگسٹن 1، عادل رشید 2، کرس ووکس صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی لاہیرو کمارا نے 3، اینجیلو میتھیوز اور کسن راجیتھا نے 2، 2 جبکہ مہیش تھیکشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس

قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے آئی لینڈرز کے خلاف کامیابی سمیٹ کر میگا ایونٹ میں ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس پلئینگ الیون کا حصہ ہیں جبکہ ہیری بروک، اٹکنسن، ریس ٹوپلی کو آرام کروایا گیا ہے۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ جیت تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

کپتان کوشل مینڈس، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، کسن راجیتھا، دلشان مدوشنکا اور لاہیرو کمارا
Load Next Story