قتل کیس پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
ضابطہ اخلاق خلاف ورزی سے متعلق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف کیس ختم کردیا
پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان کو قتل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو قتل کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان کو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر نے جائیداد کے تنازع پر ایک شہری کو قتل اور دوسرے کو زخمی کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: قتل کیس؛ پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ریگی میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
علاوہ ازیں این اے 24 چارسدہ ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس ختم کر دیا۔
واضح رہے کہ سرکاری وسائل کے استعمال پر چیئرمین پی ٹی آئی اور محمود خان پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا جرمانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔