سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کے تشدد کا نشانہ بنایا

جاں بحق نوجوان کی شناخت حضرت عمر کے نام سے ہوئی:فوٹو:ایکسپریس نیوز

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے چھوٹا گبول گوٹھ میں شاہ اسماعیل مدرسے کے قریب پہاڑی پرڈکیتوں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کوشدید زخمی کردیا جسے فوری طورپرقریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی نوجوان دوران علاج دم توڑگیا۔مقتول نوجوان کی شناخت25 سالہ حضرت عمرولد فضل نواب کے نام سے کی گئی ۔


ایس ایچ او سہراب گوٹھ اشرف جوگی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ موٹر سائیکل پرسوار 3 ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل اوردوسرے سے موبائل فون چھین کرفرارہو رہے تھے کہ علاقہ مکین جمع ہو گئے۔علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے گھیرا ڈالا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان حضرت عمر زخمی ہوگیا جبکہ علاقہ مکینوں نے ایک ڈکیت کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوڈکیت موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

زخمی نوجوان کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اورعلاقہ مکینوں نےزخمی ڈکیت کو پولیس کے حوالے کردیا۔ گرفتار ڈکیت کی شناخت عرفان ولد عتباربلیدی کے نام سے کی گئی ہے اوراس کے قبضےسے اسلحہ ، چھینا ہوا موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

گرفتار ڈکیت کی نشاندہی پراس کے فرارساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رواں سال ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پرمسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 115 ہوگئی جبکہ سینکڑوں شہری زخمی ہو چکے ہیں ۔
Load Next Story