ریونیو ہدف پورا نہ ہونے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کا اظہار برہمی

افسران آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کریں، ہر سال بجٹ خسارہ بڑھ رہا ہے،وصولیوں میں کمی ہو رہی ہے، رؤف اخترفاروقی


Staff Reporter May 20, 2014
افسران آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کریں، ہر سال بجٹ خسارہ بڑھ رہا ہے،وصولیوں میں کمی ہو رہی ہے، رؤف اخترفاروقی. فوٹو : فائل

ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو ہدف پورا نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور ریونیو افسران سے کہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر کریں آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کریں ۔

تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مالی وسائل بہتر ہوں، ادارے کی آمدنی کا ہدف مکمل ہوگا تو حقیقت پسندانہ میزانیہ تیار کیا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو کے ایم سی بلڈنگ میں ریونیو افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ بلدیہ عظمیٰ میں تمام افسران کا شمار سینئر افسران میں ہوتا ہے، اچھے محکمے میں تعیناتی تو ہر افسر چاہتا ہے مگر کام کرنے کو تیار نہیں، اگر افسران وصولیوں (ریکوری) کا ہدف پورا نہیں کریں گے تو نہ ملازمین کو تنخواہیں مل سکیں گی اور نہ ہی گاڑی اور پٹرول اور دیگر سہولتیں، انھوں نے کہا کہ بلدیہ کے بجٹ کا سائز تو اتنا بڑا ہے مگر وصولی کی پوزیشن بہت خراب ہے، میزانیہ آمدنی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جاتا ہے۔

ہر سال بجٹ خسارہ بڑھ رہا ہے، تنخواہوں اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وصولیوں میں کمی ہو رہی ہے لہٰذا افسران ادارے کی آمدنی میں اضافے کے لیے ہرممکن کوشش کریں اور وصولی کے لیے نئے ذرائع اور راستے تلاش کریں،کراچی بہت بڑا شہر ہے یہاں کی بلدیہ کو مالی بحران کا شکار نہیں ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے لہٰذا انفورسمنٹ کی آمدنی میں بھی اضافہ ہونا چاہیے، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں نئی کھڑکیاں کھولنے کی ضرورت ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ چارجڈ پارکنگ کی تمام سائٹس کو نیلام کردیا جائے تو آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں