غیر قانونی ہائیڈرینٹ اور منرل واٹر پلانٹس کیخلاف کارروائی کی ہدایت

فیکٹریوں اورملز میں لگے غیر قانونی کنکشنز کو فوری طور پر ختم کیا جائے،شرجیل میمن کا اجلاس سے خطاب


Staff Reporter May 20, 2014
فیکٹریوں اورملز میں لگے غیر قانونی کنکشنز کو فوری طور پر ختم کیا جائے،شرجیل میمن کا اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات اورچیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شرجیل انعام میمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ اور ڈی ایم ڈی ٹیکنکل سروسز نجم عالم صدیقی کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں غیرقانونی واٹرہائیڈرینٹ ، پمپنگ اسٹیشن اور منرل واٹر پلانٹس کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے۔

صنعتی علاقوں میں فیکٹریوں اور ملوںمیں لگے غیر قانونی کنکشن فوری طور پر ختم کردیے جائیں، تمام اضلاع بالخصوص ضلع غربی میں ہائیڈرنٹس، پمپنگ ہاؤ س اور ناجائزکنکشن کے ذریعے پانی چوروں کا مکمل خاتمہ کردیا جائے، وہ پیر کو اپنے دفتر میں واٹر بورڈ کے افسران سے بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ اور ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کی ہدایت پر واٹر بورڈ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے ضلع غربی میں پانی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

پیر کوواٹر بورڈ کے عملے نے پولیس کی مدد سے دستیاب پولیس فورس کے ساتھ بلدیہ ٹاون کے مختلف علاقوں، گرڈ اسٹیشن ، کٹو گوٹھ ، مشرف کالونی کے عقبی علاقوں اور پولیس اسٹیشن اتحاد ٹاؤن کی حدود میں پانی چوروں کے خلاف بھرپورکارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے 5 ہائیڈرنٹس مسمار کردیے، پانی چوروں نے سنسان علاقوںکے پوشیدہ مقامات پر تالاب اور جوہڑ بنارکھے تھے،ان میں واٹر بورڈ کی 36 اور 48 انچ کی لائنوں کو توڑ کر زیر زمین پائپ لگا کر پانی بھرا جاتا تھا۔

چوری شدہ پانی مہنگے داموںعوام کو فروخت کر نے کا سلسلہ جاری تھا،واٹر بورڈ کے عملے نے ان تالابوں اور جوہڑوں کو ختم کردیا،یہاں سے پانی چورمافیا کی جانب سے لاکھوں گیلن پانی چوری کا خاتمہ کردیا گیا،دریں اثنا ایم ڈی واٹر بورڈ نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سر وسز اورچیف انجینئر واٹر ٹرنک مین کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ وزیر بلدیات و چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے، پانی چوری کا خاتمہ کر نے کے لیے تمام وسائل برو ئے کار لائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں