غزہ سے کسی کو نقل مکانی کی اجازت نہیں دیں گے مصر کی فرانس کو یقین دہانی

اسرائیل پر حماس کے حملے کا کوئی جواز نہیں تھا، جنگ بندی کیلیے استطاعت بھر کوشش کر رہے ہیں، فرانس

حماس کا اسرائیل پر حملے کا کوئی جواز نہیں تھا، فرانسیسی صدر (فوٹو: عرب میڈیا)

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ غزہ سے کسی کو نقل مکانی کرکے مصر میں نہیں آنے دیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اسرائیل کے دورے کے بعد مصر پہنچے اور اپنے مصری ہم منصب عبد الفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں مصر کے صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے نفرت آمیز رویے اور مسجد اقصیٰ میں کارروائیوں نے فلسطینیوں کے غم و غصے کو بڑھاوا دیا۔ جو اس جنگ کا باعث بنا۔

یہ خبر پڑھیں : غزہ میں گھر پر بمباری میں مزید 30 افراد شہید؛ مجموعی تعداد 7 ہزار ہوگئیں

صدر السیسی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کو ختم کرنا ہے تو اسرائیل کو فلسطینیوں کے غم و غصے کی وجہ بننے والے اقدامات کو روکنا ہوں گے اور دو ریاستی حل پر آنا ہوگا۔


مصری صدر نے مزید کہا کہ حماس کو ختم کرنے کے دعوے کو پورا کرنے میں اسرائیل کو بہت سال درکار ہوں گے۔ اسرائیلی بری فوج کی غزہ میں کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکتیں بہت زیادہ ہوسکتی ہیں۔

صدر عبدالفتاح السیسی نے ساتھ کھڑے فرانسیسی صدر کو یقین دلایا کہ مصری سرزمین کی جانب کسی کو بھی نقل مکانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل کی حمایت میں امریکی قرارداد کو روس اور چین نے ویٹو کردیا

اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے کا کوئی جواز نہیں تھا لیکن ہم غزہ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کر رہے ہیں۔

فرانسیسی صدر نے غزہ میں ایندھن کی قلت کے باعث اسپتالوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی امداد غزہ میں بغیر کسی رکاوٹ کے داخل ہونی چاہیے، فرانس کا ایک بحری جہاز اسپتالوں کو مدد فراہم کرنے پہنچے گا۔

یاد رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اسرائیل کے بعد اردن گئے تھے اور شاہ عبداللہ دوم سے بھی غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
Load Next Story