گرانٹ نہ بڑھنے سے جامعہ کراچی کے بجٹ خسارے میں رواں مالی سال مزید اضافہ

رواں مالی سال بجٹ خسارہ 64کروڑ 80 لاکھ روپے تھا، ایچ ای سی سے 2 ارب 54 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گرانٹ کی سفارش

3 ارب 74کروڑ 44 لاکھ روپے کا میزانیہ آج پیش کیا جائیگا،آئندہ برس جامعہ کی آمدن کا تخمینہ ایک ارب سوا20 کروڑ روپے ہے ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی یونیورسٹی کی گرانٹ میں اضافہ نہ ہونے کے سبب جامعہ کے بجٹ خسارے میں رواں مالی سال مزید 8 کروڑ 30 لاکھ روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

آئندہ ماہ ختم ہونے والے رواں مالی سال میں بجٹ خسارہ 73کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال 2012-13 میں بجٹ خسارہ 64کروڑ 80 لاکھ روپے تھا، تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی نے بجٹ خسارے پر قابو پانے کیلیے نئے مالی سال کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 2 ارب 54 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گرانٹ لینے کی سفارش کی ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا تخمینہ 3 ارب 74کروڑ 44 لاکھ روپے ہے بجٹ کی منظوری کے لیے آج سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیاجائے گا، سینیٹ کے اجلاس کی صدارت شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر کریں گے۔


ڈائریکٹر فنانس قاضی ظفرعباس کی جانب سے سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے والے بجٹ تخمینے کے مطابق آئندہ مالی سال میں ایچ ای سی سے ایک ارب 20 کروڑ 90 لاکھ روپے اضافی مانگے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر2 ارب 54 کروڑ20 لاکھ روپے گرانٹ کی سفارش کی جائے گی ، رواں مالی سال میں ایچ ای سی کی منظورکردہ گرانٹ ایک ارب 33کروڑ 30 لاکھ روپے ہے گزشتہ مالی سال 2012-13 میں یہی گرانٹ ایک ارب 28 کروڑ 30 لاکھ روپے تھی، آئندہ برس کے اخراجات کا تخمینہ 3ارب 74کروڑ40 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔

جبکہ رواں مالی سال میں3 ارب 34 کروڑ 60 لاکھ روپے کے اخراجات ظاہرکیے گئے ہیں اورگزشتہ مالی سال میں یہ اخراجات 2 ارب 27کروڑ 90 لاکھ روپے تھے، واضح رہے کہ بجٹ تخمینے میں گزشتہ مالی سال جامعہ کی آمدن 79 کروڑ 70 لاکھ روپے تھی جو رواں مالی سال میں بڑھ کر ایک ارب 16کروڑ 20 لاکھ روپے ہوگئی ہے جس میں یونیورسٹی کے ایوننگ پروگرام سے ہونے والی آمدن30 کروڑروپے بھی شامل کی گئی ہے۔

آئندہ برس آمدن کا تخمینہ ایک ارب 20 کروڑ 20 لاکھ روپے لگایا گیا ہے بجٹ میزانیے کے مطابق گزشتہ برس جامعہ کراچی نے تنخواہوں کی مد میں ایک ارب 62کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ کیے، رواں مالی سال 2013-14 میں تنخواہوں پرایک ارب 88 کروڑ70لاکھ روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال میں تنخواہوں کی مد میں 2 ارب 7کروڑ 60 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، یوٹیلیٹی بلوں، پنشن اوردیگراخراجات رواں مالی سال اضافے کے ساتھ ایک ارب 49کروڑ50لاکھ روپے ہوگئے ہیں،آئندہ برس اس مد میں اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 71کروڑ 30 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
Load Next Story