انٹیلی جنس اطلاع پر شہر میں مشکوک رکشے کی تلاش شروع

دہلی کالونی میں رکشے کے ذریعے دھماکے کے بعدپولیس و رینجرز حکام جاگ گئے


Staff Reporter May 20, 2014
شہر میں رکشوں کے ذریعے دہشت گردی کی وارداتیں کی جاسکتی ہیں،خفیہ اطلاع فوٹو : فائل

دہلی کالونی میں رکشے کے ذریعے دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز حکام نے خفیہ اطلاع پر شہر بھر میں مشکوک رکشوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔

پیر کو اسنیپ چیکنگ کے دوران خصوصی طور پر رکشوں کی تلاشیاں لی گئیں، تفصیلات کے مطابق 25 اپریل کودہلی کالونی میں رکشے میں آئی ای ڈی ڈیوائس نصب کرکے دھماکا کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے تھے، واقعے کو3 ہفتے گزرجانے کے بعد پولیس اور رینجرز حکام جاگے اور انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر شہر بھر میں رکشوں کی تلاشی لینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ انٹیلی جنس اداروں نے رپورٹ دی ہے جس کے مطابق شہر قائد میں رکشوں کے ذریعے دہشت گردی کی وارداتیں کی جاسکتی ہیں، اس کے بعد پولیس و رینجرز نے شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ کے نام پر رکشوں کی تلاشی لینا شروع کردی ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس و رینجرز نے اورنگی ٹاؤن ، منگھوپیر، کنواری کالونی ، نیو کراچی صنعتی ایریا ، سہراب گوٹھ ، افغان بستی ، قائد آباد، شیرپاؤ کالونی ، گلشن بونیر ، ابراہیم حیدری ، شیریں جناح کالونی اور ہجرت کالونی میں چھاپے مارے جبکہ خصوصی طور پر رکشا اسٹینڈز کی بھی تلاشی لی گئی لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی جبکہ اس دوران کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں نے یہ وطیرہ بنالیا ہے کہ دہشت گردی کے کسی واقعے کے بعد ہی جاگتے ہیں ، اگر وہ کسی بھی واقعے سے متعلق پہلے ہی انٹیلی جنس معلومات حاصل کرلیں تو کم از کم شہر میں کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں