میکسیکو سے طاقتور طوفان ٹکرا گیا 27 افراد ہلاک

سیلابی ریلے کے اسپتال میں داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا

سیلابی ریلے کے اسپتال میں داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا، فوٹو: اے ایف پی

سمندری طوفان اوٹس شمالی امریکی ملک میکسیکو کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں 270 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والے سمندری طوفان ''اوٹس'' نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

تیز ہواؤں کے جھکڑ کے باعث درخت اکھڑ گئے۔ گھروں اور ہوٹلوں کی چھتیں اُڑ گئیں جب کہ طوفانی لہریں ساحل سے رہائشی علاقے میں داخل ہوگئیں۔

ساحلی علاقے میں 9 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ سیلابی ریلے کے اسپتال میں داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا پڑا۔


سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ کئی افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ تاحال 4 افراد لاپتا ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امدادی کاموں کے دوران 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 100 سے زائد افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کچھ روز تک شہریوں کو ساحل پر جانے سے منع کیا ہے۔

 

 

 
Load Next Story