لاہور میں فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں تین سگے بھائی بھی شامل، مقتولین کی کسی سے دشمنی نہیں تھی، پولیس
پنجاب کے دارالحکومت لاہور چونگ میں گاڑی سواروں کی فائرنگ سے تین سگے بھائیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کو پراپرٹی کا تنازع قرار دے دیا۔
پولیس حکام کے مطابق چونگ میں کار سواروں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے جبکہ ایک پانچ سالہ بچہ زخمی ہوا۔
جاں بحق افراد کی شناخت علی حسنین، 45 سالہ حاجی غلام مصطفٰی، 40 سالہ غلام مرتضی، 55 سالہ ملک خادم اور فہد کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق کار سواروں کی فائرنگ سے 5 سالہ ابوبکر بھی زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی بچہ جاں بحق ہونے والے غلام مرتضیٰ کا بیٹا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ چوہنگ ناصر حمید نے بتایا کہ مقتولین کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، مرنے والوں میں تین سگے بھائی، ایک کزن اور ملازم شامل ہے۔ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوئے جبکہ تحقیقاتی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیا نہ کا چوہنگ واقعہ کا نوٹس
1سی سی پی او لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو فوری معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر کارروائی کا جائزہ لیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے سرچ آپریشن کو تیز اور ناکہ بندی کو سخت کیا جائے۔
سی سی پی او نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، ملزمان کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہو ،قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
پولیس نے واقعے کو پراپرٹی کا تنازع قرار دے دیا
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے چوہنگ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ایس پی صدر انویسٹی گیشن احمد زنیر چیمہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے دعویٰ کیا کہ واقعہ 2 پارٹیوں میں پراپرٹی تنازع کی وجہ سے پیش آیا، فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔