بھارت غیرملکی سیاح خاتون نے آوارہ کتے کا نیدرلینڈز کا ویزا لگوا دیا
میں ہمیشہ سے ایک کتیا رکھنا چاہتی تھی اور جب پہلی بار جیا مجھ سے ملی تو مجھے اس سے پیار ہو گیا، ڈچ خاتون
بھارت کی سیاحت پر آنے والی ایک ڈچ خاتون واپس اپنے وطن لوٹ رہی تھیں جب انہوں نے ایک آوارہ کتیا کو اسکا ویزا بنوا کر اپنے ساتھ لے کر جانے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایمسٹرڈیم کی رہنے والی میرل بونٹنبل وارانسی میں چہل قدمی کر رہی تھیں جب ان کے پیچھے جیا نامی کتیا آئی۔
خاتون نے کہا کہ جب کتیا نے ہر جگہ ان کا پیچھا کرنا شروع کردیا تب انہوں نے کتیا کے ساتھ دوستی کرلی۔ ایک دن جیا پر ایک اور آوارہ کتے نے حملہ کر دیا تاہم ایک سکیورٹی گارڈ نے مداخلت کر کے اسے بچا لیا۔ میرل نے ابتدائی طور پر کتیا کو گود لینے کا ارادہ نہیں کیا تھا لیکن وہ چاہتی تھیں کہ وہ محفوظ اور سڑکوں سے دور رہے۔
میرل کو جیا کے پاسپورٹ اور ویزا کے بندوبست کے لیے بھارت میں اپنا قیام چھ ماہ تک بڑھانا پڑا۔ انہوں نے ایک نیوز ویب سائٹ کو بتاتے ہوئے کہا کہ میں پرجوش ہوں کہ آخر کار اسے اپنے ساتھ لے جارہی ہوں۔ یہ ایک طویل عمل تھا لیکن مقصد کے آگے کچھ نہیں تھا۔ میں ہمیشہ سے ایک کتیا رکھنا چاہتی تھی اور جب پہلی بار جیا مجھ سے ملی تو مجھے اس سے پیار ہو گیا۔