پی آئی اے اور پی ایس او میں معاملات طے پروازیں جلد معمول پر آنے کا امکان

مالی اور ایندھن بحران کی وجہ سے مزید 59 پروازیں منسوخ، 17 دن میں مجموعی طور پر 597 پروازیں اڑان نہیں بھر سکیں


ویب ڈیسک October 28, 2023
(فوٹو: فائل)

پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان معاملات طے پا گئے، جس کے نتیجے میں پروازیں جلد معمول پر آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ایندھن اور ادائیگیوں کے حوالے سے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان معاملات طے ہو گئے، جس کے بعد اگلے چند روز میں قومی ائرلائن کو ایندھن کی فراہمی بتدریج بڑھنا شروع ہو جائے گی، جس سے متاثرہ پروازوں کا شیڈول معمول پر آنا شروع ہو جائےگ ا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او نے قومی ائرلائن کی مالی مشکلات کے پیش نظر کریڈٹ کی سہولت میں توسیع کردی ہے۔ پی ایس او نے پی آئی اے کی قرضوں کی حد میں 50 کروڑ روپے کا اضافہ کردیا ۔ پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنی 15 ارب روپے کی قرضوں کی حد پہلے ہی پوری کر چکا ہے۔27 اکتوبر کو دونوں جانب سے حکام کے درمیان مذاکرات میں کریڈٹ کی حد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

دوسری جانب مالی اور ایندھن بحران کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول تاحال شدید متاثر ہے، جس کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی مزید 59 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ قومی ائرلائن کے مالی بحران سے جڑے ایندھن کے مسئلے کو 2ہفتے سےزائد ہوگئے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 17 روز کے دوران 597پروازیں اڑان نہیں بھر سکیں۔

واضح رہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے جمعہ کی سہ پہر پی ایس او کو 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے۔ تیل کی مذکورہ نقد ادائیگی کے ساتھ ایندھن کے لیے 8 پروازوں کی فہرست پی ایس او کو ارسال کردی گئی ہے۔ آج ہفتہ(آدھا دن)اور کل(اتوار) کو قبل ازوقت ادائیگیاں نہ ہونے کے سبب گزشتہ اتوار جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے ۔

گزشتہ اتوار قبل ازوقت ادائیگی کے فقدان اور تعطیل کے سبب کووڈ 19 کے بعد پہلی مرتبہ پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن منجمد رہا تھا۔ پی آئی اے کا یومیہ اندرون و بیرون ملک فلائٹ آپریشن 81 پروازوں پر مشتمل ہے ۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی کی جانب سے کل رات کو 8 ارب روپے ملنے کے بعد پروازوں کی روانگی کے پیچیدہ مسئلے میں بہتری آنے کے امکانات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں