کوکین کی لت کا علاج کرنے والی ویکسین تیار
یہ ویکسین جسم میں موجود مدافعتی عمل کو فعال کرتے ہوئے کوکین اور کریک کو دماغ تک پہنچنے سے روکتی ہے
برازیلی سائنس دانوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایک ایسی ویکسین بنائی ہے جو کوکین اور اس سے ماخوذ کریک کی لت کا علاج کرسکتی ہے۔
'کیلکس کوکا' نامی یہ ویکسین (جس نے جانوروں پر کی جانے والی آزمائش میں واضح نتائج حاصل کیے) جسم میں موجود مدافعتی عمل کو فعال کرتے ہوئے کوکین اور کریک کو دماغ تک پہنچنے سے روکتی ہے۔سادہ الفاظ میں یہ ویکسین نشے کے عادی افراد کو نشے میں دھت ہونے سے روک کر کام کرتی ہے۔
تحقیق میں شامل محققین پُرامید ہیں کہ یہ ویکسین نشے کے عادی افراد کی طلب کو روک کر ان کی مدد کرے گی۔
برازیل کی فیڈرل یونیورسٹی آف مِناس گیریس سے تعلق رکھنے والے سائکیئٹرسٹ اور پروجیکٹ کے کوآرڈینیٹر فریڈریکو گارسیا کے مطابق اگر اس علاج کو منظوری مل جاتی ہے تو یہ پہلی بار ہوگا کہ ویکسین کا استعمال کرتے ہوئے کوکین کے نشے کا علاج کیا جائے گا۔
یہ ویکسین مریض کے مدافعتی نظام میں اینٹی باڈیز بنا کر کام کرتی ہے۔ یہ اینٹی باڈیز خون میں موجود کوکین کے سالموں سے جڑ کر ان کو اتنا بڑا بنا دیتے ہیں کہ یہ دماغ کے اس حصے میں نہیں جا پاتے جو نشے آور اشیاء کے سبب بڑی مقدار میں ڈوپیمائن بناتے ہیں۔