چھینے گئے موبائل فونز افغانستان اسمگل کرنے والے گروہ کا سرگرم رکن گرفتار

زیر حراست ملزم کے رابطے شہر کے مختلف علاقوں کے اسٹریٹ کرمنلز سے ہیں، پولیس

—فائل فوٹو

پولیس نے چھینے گئے موبائل فونز کے (آئی ایم ای آئی) تبدیل کر کے افغانستان اسمگل کرنے والے گروہ کا سرگرم رکن کوگرفتار کرکے اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، نقدی، موبائل فون اورموٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے رابطے شہر کے مختلف علاقوں کے اسٹریٹ کرمنلز سے ہیں جن سے وہ چھینے گئے موبائل فونز خریدتا ہے، گرفتار ملزم چھینے گئے موبائل فونز اپنے دوسرے ساتھی کو آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کے لیے دیتا تھا، موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل ہونے کے بعد مذکورہ فونز کو پہلے پشاور اور اس کے بعد افغانستان اسمگل کیا جاتا ہے۔


پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل نیو کراچی موبائل مارکیٹ سے ملزم کا ساتھی گرفتار کیا گیا تھا جوموبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل کر کے دیتا تھا گرفتارملزم ست 23 ٹچ اسکرین، 7 بٹن والے موبائل فون، 12 مختلف رنگوں کی موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے والی ڈیوائسسز،2 سی پی یو اورایک لیٹ ٹاپ برآمد کرلیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق برآمد موبائل فونز سہراب گوٹھ، سچل اور سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا کی حدود سے چھینے گئے تھے، گرفتار ملزم پہلے بھی ڈکیتی کی وارداتوں میں گلشن اقبال کے مقدمہ الزام نمر 12/2023 بجرم دفعہ 397/34 اور شارع فیصل تھانے کے مقدمہ الزام نمبر965/2023 بجرم دفعہ 397/34 میں گرفتار ہو چکا ہے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
Load Next Story