پی ٹی آئی کے چوہدری ساجد محمود اور وجیہہ قمر کی پارٹی سے راہیں جدا

ساجد محمود نے 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کی جبکہ وجیہہ قمر نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا

—فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما وجیہہ قمر اور چوہدری ساجد محمود نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔

راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری ساجد محمود کا کہنا تھا کہ چئیرمیں ہی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ بیانیے سے ملک کو نقصان پہنچایا گیا اس بیانیے سے ملکی معیشت اور حالات خراب ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتا ہوں، ہر پاکستانی اس واقعہ سے دلبرداشتہ ہے، عدلیہ سے درخواست ہے ملوث کرداروں کو جلد سے جلد سخت سزا دی جائے۔

چوہدری ساجد محمود نے پی ٹی آئی ووٹرز سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس بیانیے کیساتھ نہیں چل سکتا، آج کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے راستے جدا ہیں۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس کے بعد چوہدری ساجد محمود نے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔

وجیہہ قمر کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان


پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے پارٹی کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے وجیہہ قمر کی ملاقات ہوئی۔

پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات میں وجیہہ قمر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا جس پر شہباز شریف نے وجیہہ قمر کو خوش آمدید کہا اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی۔

اس حوالے سے وجیہہ قمر نے کہا کہ نواز شریف،صدر شہباز شریف اور پارٹی منشور پر مکمل اعتماد کرتی ہوں، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

 

 
Load Next Story