غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 2 ہزار طلبا اور 70 اساتذہ بھی شہید 200 اسکول تباہ

اسرائیل نے القدس اسپتال کو بھی نشانہ بنایا؛ غزہ میں مجموعی شہادتیں 8 ہزار سے تجاوز کرگئیں


ویب ڈیسک October 29, 2023
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مجموعی شہادتیں 8 ہزار ہوگئیں (فوٹو:فائل)

غزہ پر اسرائیلی بمباری اور حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی جن میں 2 ہزار طلبا اور 70 اساتذہ بھی شامل ہیں جب کہ 200 اسکول تباہ ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 23 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران غزہ میں 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 17 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ 1400 اسرائیلی بھی مارے گئے۔

عرب میڈیا نے وزارت تعلیم فلسطین کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 200 سے زائد اسکول تباہ ہوچکے ہیں جس میں 2 ہزار طلبا اور 70 اساتذہ شہید ہوچکے ہیں۔

دو روز قبل اسرائیل نے زمینی راستے غزہ پر حملہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نیٹ اور موبائل سروسز معطل کردی تھیں تاہم عالمی دباؤ کے بعد اسرائیل نے کچھ علاقوں میں یہ سہولیات آہستہ آہستہ بحال کرنا شروع کردیں۔

ادھر اسرائیل نے القدس اسپتال کے آس پاس علاقوں میں بھی بمباری کی جب کہ حماس نے بھی اسرائیل میں فوجی گاڑی اور ایٹمی تنصیبات کے علاقے پر راکٹس داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے امن مذاکرات کی کوششیں بھی جاری ہیں اور حماس نے یرغمالیوں کی رہائی کا عندیہ ہے تاہم یہ حماس کے مطالبات کی منظوری سے مشروط ہوگئی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔