جیو کیخلاف کارروائی تک پیمرا ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا جاری رہے گا کیبل آپریٹرز

اہل بیت کی توہین پرپیمرا کارروائی کرتے ہوئے جیو کا لائسنس منسوخ کرے، کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ


ویب ڈیسک May 20, 2014
دھمکی آمیز خط اور فون کال صرف کیبل آپریٹرز کو ہی نہیں پیمرا اتھارٹی کو بھی موصول ہوئے ہیں، میاں شمس رکن پیمرا اتھارٹی فوٹو؛ایکسپریس نیوز

آل پاکستان کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اہل بیت کی شان میں گستاخی کے خلاف جب تک جیو کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی اس وقت تک پیمرا ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج جاری رہے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جیو کے توہین آمیز مارننگ شو کے خلاف آل پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اسلام آباد میں پیمرا ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج کیا گیا جہاں انہوں نے متنازعہ پروگرام نشر کرنے پر جیو نیوز کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کیبل آپریٹرز کا کہنا تھاکہ اہل بیت کی توہین پر پیمرا کارروائی کرتے ہوئے جیو کا لائسنس منسوخ کرے، جب تک پیمرا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آتا اس وقت تک پیمرا ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیو نیوز کےخلاف احتجاج کرنے پر ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ اس حوالے سے حکومت بھی تعاون نہیں کر رہی۔

آل پاکستان کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن کے احتجاج کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیمرا اتھارٹی کے رکن میاں شمس کا کہنا تھاکہ انہیں ادراک ہے دوسرے اداروں کی طرح کیبل آپریٹرز بھی بہت مشکلات کا شکار ہیں جب کہ پیمرا اتھارٹی کو تو ان کی مشکلات کا بخوبی علم ہے کیوں کہ دھمکی آمیز خط اور فون کال صرف انہیں ہی نہیں پیمرا اتھارٹی کو بھی موصول ہوئے ہیں ۔

میاں شمس نے کہاکہ آج پاکستان اور پیمرا کی تاریخ کا اہم ترین اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں ہمارے پرائیویٹ ممبر شریک ہورہے ہیں لیکن ہماری اطلاعات کے مطابق اس میں حکومتی ارکان شرکت نہیں کررہے جس پر افسوس ہے، اگر حکومتی اراکین آجاتے تو ہم مل بیٹھ کر اس کا حل نکالتے اور ایک اچھا فیصلے کرتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں