شفاف انتخابات پنجاب حکومت کا الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف الیکشن کمیشن کے درمیان افسران کے ہمراہ اہم اجلاس، شفاف انتخابات کیلیے دوطرفہ تعاون کا فیصلہ
پنجاب میں عام انتخابات کے لیے پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل کرے گی اور ہم ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کو پُرامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ طے کیا گیا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈی نیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے، نگران وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پُرامن اور شفاف انعقاد کے لیے ہرممکن تعاون کیا جائے گا، پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، پنجاب ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی، عام انتخابات کا منصفانہ،آزادانہ اور پُرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔
اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر آصف حسین، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔