عام انتخابات مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان میں رابطے
شہباز شریف سے چار بار بات ہوئی، جلد نوازشریف سے بھی ملاقات کریں گے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوگی، خالدمقبول صدیقی
شہباز شریف کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان رابطے شروع ہوگئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف کا نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد باضابطہ رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مستقبل میں ساتھ چلنے پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں ایم کیوایم کا اعلی سطحی وفد نواز شریف سے بھی ملاقات کرے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے '' ایکسپریس '' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان آمد کے بعد چار بار شہباز شریف سے فون پر بات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے مختلف پروگراموں پر رابطے ہوئے اور نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے بھی بات ہوئی، جلد ہی نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی اور اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں آنے والے انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت مختلف سیاسی امور پر گفت و شنید کی جائے گی۔ کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ہماری آخری اتحادی رہی ہے ان کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن رہا ہے۔