عام انتخابات میں حلقہ پی پی 147 میں کئی بے ضابطگیاں کی گئیں نادرا رپورٹ میں انکشاف

حلقے کے 6 پولنگ اسٹیشنوں کے بیشتر تھلیوں میں کاؤنٹر فائل نہیں اور اکثر کاؤنٹر فائل کی سیریل نمبر بھی نہیں ہیں، رپورٹ

الیکشن ٹربیونل نے پی پی 147 کے 6 حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا حکم دیا تھا۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
نادرا نے الیکشن ٹربیونل کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 کی پری اسکینگ رپورٹ جاری کردی جس میں کئی بےضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق عام انتخابات میں لاہور کے حلقے 147 میں تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن لطیف کی جانب سے دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا جس پر الیکشن ٹربیونل نے ابتدائی سماعت کے بعد پی پی 147 کے 6 حلقوں میں تجرباتی طور پر انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا حکم دیا جس کی نادرا نے پری اسکیننگ رپورٹ جاری کردی ہے۔ نادرا کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جن 6 پولنگ اسٹیشنوں کی پری اسکیننگ کی گئی ہے ان میں بیشتر تھلیوں میں کاؤنٹر فائل نہیں اور اکثر کاؤنٹر فائل کی سیریل نمبر بھی نہیں ہیں، کچھ تھلیوں میں الیکٹورل لسٹ نہیں جبکہ زیادہ تر کاؤنٹر فائلوں کے پیچھے پریذائیڈنگ آفیسر کی مہر اور دستخط نہیں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 59 میں 3، پولنگ اسٹیشن نمبر 60 پر 3، پولنگ اسٹیشن نمبر 70 پر 38 کاؤنٹر فائلوں پر پریذائیڈنگ افیسر کی مہریں اور دستخط نہیں، پولنگ اسٹیشن نمبر 82 پر 2 کاؤنٹر فائلوں پر دستخط نہیں جبکہ الیکٹورل ووٹ لسٹ بھی موجود نہیں۔
Load Next Story