شہری کو اغوا کرکے 26 لاکھ تاوان لینے والا ایس ایچ او اہلکاروں سمیت معطل مقدمہ درج
مقدمہ درج ہونے کے باوجود نوجوان اقبال بازیاب نہیں ہوا اور نہ نامزد پولیس افسران گرفتار ہوئے
شہری کو اغوا کرکے 26 لاکھ روپے تاوان وصول کرنے پر سابق ایس ایچ او کو اہل کاروں سمیت معطل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جھوٹا مقدمہ درج کرنے سے متعلق افسران کو شکایت کرنے پر ایس ایچ او آصف اور اہل کاروں نے شہری اقبال کو اغوا کیا اور شہری سے 26 لاکھ روپے کا تاوان وصول کیا۔
مدعی مقدمہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ شہری اقبال تاحال اغوا ہے، 26 لاکھ روپے تاوان کی مد میں دیے اور دینے کے باوجود اب تک شہری ان کے پاس موجودہے۔
مدعی مقدمہ کے بیان پر پولیس نے انسپکٹر آصف علی، سب انسپکٹر علی سلمان، وقاص علی، کانسٹیبل رضوان، ساجد سلیم اور طارق نائی کو مقدمے میں نامزد کرلیا اور افسران نے انہیں معطل کردیا۔
اطلاعات ہیں کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود نوجوان اقبال تاحال بازیاب نہیں ہوا اور نہ نامزد پولیس افسران گرفتار ہوئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مانگا منڈی پولیس اپنے پیٹی بھائیوں کو گرفتار کرنے کی بجائے تحفظ فراہم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔