سیمنٹ سیکٹر نے متبادل ایندھن پر ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا

حکومت ڈیوٹی ڈرابیک کلیم جمع کرانے کیلیے210 روز کی مدت دے، مینوفیکچررز

حکومت ڈیوٹی ڈرابیک کلیم جمع کرانے کیلیے210 روز کی مدت دے، مینوفیکچررز فوٹو؛فائل

سیمنٹ انڈسٹری نے متبادل ایندھن پر ڈیوٹی کی شرح میں کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔سیمنٹ انڈسٹری نے ایف بی آر پر زور دیا ہے کہ آئندہ بجٹ 2014-2015 میں متبادل ایندھن پر عائد ڈیوٹی کو کم کر کے صنعت کو سہولت فراہم کی جائے، اس سے صنعت کی عالمی منڈی میں مقابلے کی استعداد میں اضافہ ہو سکے گا۔


سیمنٹ کی صنعت نے اپنی بجٹ تجاویز میں متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ نان کیلسائنڈ پیٹ کوک (HS Code 2713.1100) اور ردی ربڑ کے ٹکڑوں پر 5 فیصد اور ویلیو کے اعتبار سے 10فیصد ڈیوٹی عائد ہے جو کوئلے پر بھی لاگو ہے، اسے صفر فیصد کیا جائے۔

انڈسٹری ذرائع نے کہا کہ صنعت نے حکومت سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ ڈیوٹی ڈرابیک کلیم جمع کرانے کے لیے 210 روز کی اجازت دی جائے جو اس وقت سے لاگو کی جائے جب اصل ''گمراک'' کا مینڈیٹ فراہم کیا گیا تھا لیکن افغان حکام کے روکے جانے کی وجہ سے دستیاب نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیمنٹ کی برآمدات پر ڈیوٹی ڈرا بیک کی اجازت افغان کسٹمز کی دستاویز جسے ''گمراک'' کے نام سے یاد کیا جاتا ہے پر مبنی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ معمولی سا قدم اٹھا لیتی ہے تو اس سے سیمنٹ کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
Load Next Story