لاہور چیمبر نے لوکل مینوفیکچررز پر اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی رد کردی

ایف بی آرکاروباری برادری کے بازو مروڑنے کے بجائے انڈر انوائسنگ و اسمگلنگ روکے،صدر انجینئر سہیل لاشاری


Numainda Express May 21, 2014
فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے نفاذ سے معاشی بحالی کی کوششوں کودھچکالگے، سہیل لاشاری فوٹو: فائل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے وفاقی بجٹ 2014-15 میں درآمد اور لوکل مینوفیکچررز پر 1 فیصد اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جائے جن کی وجہ سے صنعت و تجارت متاثر ہو، کاروباری برادری ایسی کسی بھی تجویز کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔

ایک بیان میں لاہور چیمبرکے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی کا نفاذ بلیک اکانومی کو فروغ دے گا اور اسمگلنگ بڑھے گی لہذا بہتر یہی ہوگا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو یہ تجویز واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی کے نفاذ سے حکومت کی ان کوششوں کو دھچکا لگے گا جو وہ کاروباری ماحول بہتر بنانے اور معیشت کی بحالی کے لیے کررہی ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تجویز پر عمل درآمد سے ٹیکسیشن کا متوازی نظام قائم ہوجائے گا جبکہ تاجر برادری کو دہری ڈاکیومنٹیشن کرنا پڑے گی۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہاکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ بیوروکریسی نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں اپنی ناکامی چھپانے کے لیے 1 فیصد اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی کے نفاذکی تجویز دی ہے، بہتر یہ ہوگا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کے بازو مروڑنے کے بجائے انڈر انوائسنگ و اسمگلنگ کی روک تھام اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر توجہ دے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ افراد کا محاسبہ کرنے کے بجائے فیڈرل بورڈ آف ریونیو رجسٹرڈ افراد کو سزا دینے کے درپے ہے جو کسی طرح بھی قابلِ قبول نہیں۔ سہیل لاشاری نے کہا کہ رواںسال کا وفاقی بجٹ موجودہ حکومت کا دوسرا بجٹ ہوگا لہذا کاروباری برادری توقع کرتی ہے کہ تمام فیصلے معیشت کی بحالی اور کاروباری ماحول کی بہتری کیلیے کیے جائیں گے اور حکومت ایسی کوئی تجویز قبول نہیں کرے گی جس سے تاجر برادری متاثر ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں