ایم کیو ایم کی صف میں کسی قانون شکن کو برداشت نہیں کیا جائے گا الطاف حسین

ایم کیوایم میں شامل کوئی بھی فرد قانون شکنی میں ملوث پایا گیا تو اسکی حمایت یا سفارش نہ کی جائے، الطاف حسین کی ہدایت

شہیدوں کالہو ہم پرقرض ہے جسے قانون شکنوں کے لئے رائیگاں نہیں کیا جاسکتا، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کسی بھی قانون شکن کو ایم کیوایم کی صف میں برداشت نہیں کیا جائے گا اوراگر کوئی قانون شکنی میں پایا گیا تو اسے تنظیم سے الگ کردیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تنظیمی شعبہ جات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے اپنی صفوں میں کبھی بھی جرائم پیشہ عناصر کوبرداشت نہیں کیا،اگر کوئی کارکن مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو انہیں فی الفور تحریک سے خارج کردیا جائے گا،ایم کیوایم کے حق پرستانہ نظریہ کی خاطر ہزاروں شہیدوں نے اپنے لہوکانذرانہ پیش کیا اور شہیدوں کالہو ہم پرقرض ہے جسے قانون شکنوں کے لئے رائیگاں نہیں کیا جاسکتا۔


ایم کیو ایم کے قائد نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کی صفوں میں شامل کوئی بھی فرداگرقانون شکنی میں ملوث پایا گیا تو اس کی کسی قیمت پر حمایت یا سفارش نہ کی جائے اور اگر ان کا کوئی عزیز بھی قانون شکنی کرے تو اس کے ساتھ بھی قانون کے مطابق نمٹا جائے۔ انہو ں نے ایم کیوایم کے سوشل میڈیا ونگ کوبھی تاکید کی کہ وہ قومی اداروں کااحترام کریں، سوشل میڈیامیں اپنے پیغامات میں شائستگی اورادب کادامن ہرقیمت پر تھامے رکھیں اورکسی کے خلاف بھی ناشائستہ زبان یاالفاظ استعمال کرنے سے گریزکریں۔

Load Next Story