لاہور میں فوری اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت

کالا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کا حکم

کالا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے شہر بھر میں فوری اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کیلئے پی ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کردی. عدالت نے قرار دیا کہ اسموگ میرا نہیں یہ ہم سب کے بچوں کا مسئلہ ہے۔ کالا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو سیل کیا جائے.

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی.

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔

عدالت نے تمام اسکول ،کالجز کے بچوں کو کالا دھواں چھوڑنے والے کارخانوں کی اطلاع دینے کی ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں اگر کالا دھواں چھوڑنے والا کوئی کارخانہ ہے تو اطلاع دیں۔


عدالت نے مزید ہدایات جاری کیں کہ کمشنر لاہور سمیت دیگر افسران کل سے اسکولز کالجز میں جاکر بچوں کو آگاہ کریں۔

جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کی موجودہ صورتحال پرناراضگی کا اظہار کیا اور باور کرایا کہ اسموگ کی ذمہ دار حکومت ہے ۔ شہر کی جو حالت ہے وہ آپ دیکھ لیں آپ شہر کے مالک ہو آپ سب کچھ کرسکتے ہو۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ پہلے یہ اسموگ نومبر کے آخر اور دسمبر میں آتی تھی اب یہ اسموگ اکتوبر میں شروع ہوچکی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے شہر بھر فوری اسموگ ایمرجنسی نفاذ کے لیے پی ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کردی اور سماعت تین نومبر تک ملتوی کردی.
Load Next Story