عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے صدر مملکت اور الیکشن کمیشن میں اتفاق

الیکشن کمیشن، ایوان صدر نے الیکشن کی تاریخ پر اتفاق کی تصدیق کردی


ویب ڈیسک November 02, 2023
الیکشن کی تاریخ پر اتفاق کے بعد عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر خوشگوار موڈ میں ہیں (فوٹو پی آئی ڈی)

سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد صدر مملکت ، الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کے درمیان 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہوگیا۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے وفد نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ طویل ملاقاتیں کیں جس میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر اعلامیہ

ایوان صدر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار ممبران کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ جس میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ سے ہوگا، چیف جسٹس

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا اور تفصیلی بحث کے بعد اجلاس نے متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا۔

الیکشن کمیشن اعلامیہ

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران صدر پاکستان سے ایوان صدر میں میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات منعقد ہوں گے ۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو تحریری طور پر11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کی اور چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط ارسال کر دیا تھا۔

تاریخ کے معاملے پرصدر مملکت نے بھی اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں