پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت 19 ملزمان عدالت طلب

ملزمان میں محمد اقبال، یونس قدوائی، اقبال نوری، حسین لوائی، عبدالغنی مجید، خواجہ انور مجید اور ایم فاروق عبداللہ شامل

(فوٹو فائل)

احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت 19 ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر اور وکیل صفائی ارشد تبریز عدالت پیش ہوئے، ارشد تبریز ایڈووکیٹ نے کہاکہ جب معاہدہ ہوا تو آصف علی زرداری پارک لین کے ڈائریکٹر نہیں تھے، عدالت نے کہا کہ ابھی تو صرف نوٹسز کررہے ہیں باقی بعد میں دلائل دے دیں۔

عدالت نے آصف علی زرداری، محمد اقبال، یونس قدوائی، اقبال خان نوری، حسین لوائی، عبدالغنی مجید، خواجہ انور مجید اور ایم فاروق عبداللہ سمیت تمام 19 ملزمان کو طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔


راجہ پرویز اشرف اور دیگر کو دوبارہ نوٹسز جاری

دریں اثنا احتساب عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور دیگر کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنسز میں غیر حاضر ملزمان کو دربارہ نوٹس جاری کردیے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت راجہ پرویز اشرف کے پلیڈر ارشد تبریز ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ بریت کی درخواستیں زیر سماعت ہیں آپ اس دلائل کیوں نہیں دیتے۔ اس پر ارشد تبریز ایڈووکیٹ نے کہا کہ 265ڈی کی درخواستیں ہیں، دلائل اس لیے نہیں دیتے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آپ ابھی فیصلہ کر ہی نہیں سکتے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں آئندہ سماعت کب ہے اس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ابھی سماعت کا پہلا آرڈر بھی نہیں آیا، عدالت نے غیر حاضر ملزمان کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کردی۔
Load Next Story