کسٹمز انٹیلی جنس گوادر نے فرنٹئیر کور پولیس کے اشتراک سے جام کالونی حب میں 13کروڑ 12لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ انڈین گٹکا، چھالیہ اور غیرملکی سگریٹس برآمد کرلی۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس گوادر معین افضل نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی میں مقامی افراد کی جانب سے سخت مزاحمت کا بھی سامنا ہوا اور مقامی افراد نے سڑک بلاک کرنے کے ساتھ ٹیم پر پتھراؤ بھی کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے فرنٹئیر کور اور پولیس کے تعاون سے 9 چھوٹے ٹرکوں کے ذریعے برآمدہ ممنوعہ اشیا کو سرکاری وئیرہاؤس لیجانے میں کامیاب ہوئی۔
معین افضل نے بتایا کہ چھاپے میں 10کروڑ 80لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ 31ٹن چھالیہ، 2کروڑ 79لاکھ روپے مالیت کے انڈین گٹکے کے 6لاکھ 30ہزار ساشے اور 25لاکھ 20ہزار روپے مالیت کے اسمگل شدہ مختلف غیرملکی برانڈز کے سگریٹس کے 8لاکھ 40ہزار اسٹکس برآمد کیے گئے۔