حکومت نے بیوروکریٹس کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ کردیا
مینجمنٹ پوزیشن پر موجود بیوروکریٹس کے ایم پی ون، ٹو اور ایم پی تھری اسکیل کیلیے 45 فیصد اضافہ کیا گیا ہے
نگران حکومت نے مینجمنٹ پوزیشن (ایم پی) پر موجود بیوروکریٹس کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ کر دیا.
وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹی فکیشن کے مطابق ایم پی ون، ٹو اور ایم پی تھری اسکیل کےلیے تنخواہوں اور مراعات میں 45 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ایم پی اسکیل کے لیے اضافے پر یکم اکتوبر سے عمل درآمد ہو گا۔
نوٹی فکیش کے مطابق ایم پی ون سکیل کے لیے کم ازکم تنخواہ 5 لاکھ 54 ہزار 600 اور زیادہ سے زیادہ 6 لاکھ 99 ہزار 250 روپے تھی جو اب کم از کم تنخواہ 8 لاکھ 4180 روپے اور زیادہ سے زیادہ 11 لاکھ3 ہزار 920 روپے کر دی گئی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ایم پی ون اسکیل کیلئے ٹرانسپورٹ مونٹائزیشن 95 ہزار 910 روپے رہے گا۔ وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ ایم پی 2کے لیےکم از کم تنخواہ 2 لاکھ 55 ہزار750 اور زیادہ سے زیادہ 4لاکھ 13 ہزار 600 روپے تھی جو اب کم از کم تنخواہ 3 لاکھ 70 ہزار 850 روپے اور زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ99 ہزار 740 روپے ہو گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسی طرح ایم پی 3 اسکیل کے لیے کم از کم تنخواہ ایک لاکھ 65 ہزار 855 روپے اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ دو لاکھ 33 ہزار 750 روپے تھی جو اب کم سے کم 2 لاکھ 40 ہزار 460 روپے اور زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ 38 ہزار 960 روپے ہو گئی ہے جبکہ ایم پی اسکیل تھری کا مونٹائزیشن الاؤنس 65 ہزار 60 روپے ہو گا۔