مغربی یورپ میں طوفان سیاران نے تباہی مچادی 10 ہلاکتیں

اٹلی، اسپین، فرانس، بیلجیئم، پرتگال، جنوبی انگلینڈ اور ہالینڈ طوفان سے متاثر ہوئے

طوفان سیارن نے مغربی یورپی ممالک میں تباہی مچادی، فوٹو: فائل

سیاران نامی طوفان نے اٹلی، اسپین، بیلجیئم اور جنوبی انگلینڈ کے شہروں کو متاثر کیا جن میں مجموعی ہلاکتیں 10 سے تجاوز کرگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی یورپ میں 200 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے نظام زندگی کو درہم برہم کرکے رکھ دیا۔ بندرگاہیں، ہوائی اڈے اور ریلوے اسٹیشن بند کرنا پڑگئے۔

اٹلی میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ اسپین، فرانس اور بیلجیئم میں دو دو جب کہ جرمنی میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ صرف اسپین میں 11 ہوائی اڈوں پر 80 سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔


اسی طرح جنوبی انگلینڈ میں 135 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی بڑی لہریں ساحلی پٹی کے ساتھ ٹکرا جانے کے باعث سیکڑوں اسکول بند کر دیے گئے۔

جرسی کے چینل آئی لینڈ میں رہائشیوں کو راتوں رات ہوٹلوں میں منتقل کرنا پڑا کیونکہ 164 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے آنے والے جھکڑوں نے گھروں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا تھا۔

اسی طرح ایمسٹرڈیم کے شیفول ہوائی اڈے پر 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں جو کہ ایک بڑا یورپی مرکز ہے۔ طوفان کے اثرات پرتگال تک محسوس کیے گئے۔

 
Load Next Story