مہنگائی کی شرح میں پھر اضافہ 14 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے اعداد و شمار کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی
ملک میں تین ہفتے مسلسل کمی کے بعد پھر سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں 0.71 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی29.88 فیصد ہوگئی ہے۔
تاہم ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا اس طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 30.22فی صد رہی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتے ملک بھر میں 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور 25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے آلو کی قیمت میں 1.61فیصد، پیاز کی قیمت میں 25.25 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں25.58 فیصد، چکن کی قیمت میں10.79 فیصد، انڈوں کی قیمت میں1.30 فیصد، چائے کی پتی کی قیمت میں 1.58 فیصد، لہسن کی قیمت میں0.50 فیصد، باسمتی ٹاٹوٹا چاول کی قیمت میں0.19 فیصد جبکہ آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں0.05 فیصد اضافہ ہوا۔
اس دورانیے میں گڑھ کی قیمتوں میں2.66 فیصد، ککنگ آئل کی قیمتوں میں 1.62 فیصد، ایل کی پی جی کی قیمت میں1.05 فیصد، آٹے کی قیمت میں 0.62 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 0.93 فیصد، واشنگ سوپ کی قیمت میں 0.41 فیصد جبکہ سرسوں کے تیل کی قیمت میں0.32 فیصد کمی واقع ہوئی ْ