شاہد آفریدی پاور ہٹرز سمیت نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے

ٹرائلز و کیمپس کا انعقاد ، پلیئرز کو انگریزی میں گفتگو کی تربیت بھی دی جائے گی


Saleem Khaliq November 04, 2023
آئندہ ہفتے پی سی بی کو پریذینٹیشن، کوچز، ٹرینرز وغیرہ کی ٹیم ساتھ لائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

شاہد آفریدی ملک کیلیے پاور ہٹرز سمیت نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے، انھوں نے مختلف مقامات میں ٹرائلز و کیمپس کے ذریعے باصلاحیت کرکٹرز دریافت کرنے کا بیڑا اٹھا لیا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی کی گزشتہ روز لاہور میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر انھوں نے جونیئر لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش میں دلچسپی کا اظہار کیا، وہ آئندہ ہفتے بورڈ کو خصوصی پریذینٹیشن دے کر اپنے منصوبے سے آگاہ کریں گے.

شاہد آفریدی کا کام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا، وہ اپنے ساتھ کوچز، ٹرینرز و دیگر اسٹاف کو ساتھ لے کر آئیں گے، سب کا انتخاب خود ہی کریں گے، ملک بھر میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا،باصلاحیت کرکٹرز کو اکیڈمی میں پاور ہٹنگ سمیت جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا،مختلف اوقات میں کیمپس بھی لگیں گے، اس کے بعد بھی کھلاڑیوں کو مصروف رکھا جائے گا، انھیں انگریزی زبان میں بات چیت کی تربیت بھی دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی نے ایک بار پھر ذکا اشرف کو تنقید کا نشانہ بناڈالا

سابق آل راؤنڈر کو امید ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ کچھ عرصے میں ملک سے بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے میں کامیاب رہیں گے،کوچز صلاحیتیں مزید نکھار کر انھیں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کے قابل بنا دیں گے۔

ذکا اشرف انھیں ہر ممکن سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہیں، گوکہ ابھی فائنل نہیں ہوا لیکن شاہد آفریدی کی پوزیشن ڈائریکٹر کے برابر ہی ہوگی، وہ پی سی بی کے لیے کْل وقتی خدمات انجام دیں گے،انھیں ٹیلی ویژن و دیگر مصروفیات کو ترک کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے شاہد آفریدی سے گذشتہ دنوں ملاقات کر کے انھیں ملکی کرکٹ کیلیے خدمات انجام دینے کا کہا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہد آفریدی چیف سلیکٹر کا عہدہ دوبارہ سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، ان کا خیال ہے کہ وہ گراس روٹ لیول پر کام کر کے ملک کے کام آ سکتے ہیں،یاد رہے کہ انضمام الحق نے برطانوی کمپنی کا اسکینڈل سامنے آنے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں