میانوالی میں ایئر فورس بیس پر حملہ ناکام 9 دہشت گرد ہلاک

حملے میں گراؤنڈ کیے گئے تین طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو نقصان پہنچا


ویب ڈیسک November 04, 2023
حملے میں گراؤنڈ کیے گئے تین طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو نقصان پہنچافوٹو: فائل

سیکیورٹی فورسز نے پاک فضائیہ کے ٹریننگ ایئر بیس پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر ایک ناکام دہشت گرد حملہ ہوا جسے الحمدللہ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جواب کی بدولت ناکام بنا دیا گیا، اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق غیر معمولی جرأت اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا.

آئی ایس پی آر حملے کے دوران پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے تین غیر آپریشنل طیاروں اور ایک فیول باؤزر کو کچھ نقصان پہنچا۔ پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں، پاک فضائیہ

علاوہ ازیں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جانب سے ناکام بنائے گئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکسی اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے، ہم قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کے لیئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں۔

ایئر چیف نے دہشتگرد تنظیموں و انتہاء پسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا انہوں نے بیس اہلکاروں کی حوصلے آفزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں