پی سی بی کی سربراہی تماشہ بن گئی نجم سیٹھی تیسری مرتبہ بحال

3 روز قبل ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کرتے نجم سیٹھی کو برطرف کیا تھا


ویب ڈیسک May 21, 2014
چیرمین کی تقرری ایگزیکٹو معاملہ ہے اور یہ اختیار بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نواز شریف کو حاصل ہے، وکیل پی سی بی. فوٹو؛ فائل

لاہور: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق چیرمین چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس ظہیر انور جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کو معطل جب کہ نجم سیٹھی کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے نجم سیٹھی کے دور میں کرکٹ کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں کو قانونی قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسسز جاری کرتے ہوئے 27 مئی کو طلب کر لیا ہے۔

بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو گا، چیرمین پی سی بی کی تقرری کا فیصلہ ایگزیکٹو معاملہ ہے اور یہ اختیار کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نواز شریف کو حاصل ہے، عدالت کو ان معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیئے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری ذکا اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کرتے نجم سیٹھی کو برطرف جب کہ عبوری انتظامی کمیٹی کو معطل کر دیا تھا۔ نجم سیٹھی نے رواں ماہ ہی وقار یونس کو 2 سال کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ جب کہ اتنی ہی مدت کے لئے مشتاق احمد کو اسپن بالنگ کوچ اور گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا تھا۔ اس سے قبل بھی نجم سیٹھی کو 2 مرتبہ چیرمین پی سی بی کے عہدے سے معطل اور پھر بحال کیا گیا جب کہ 3 مرتبہ ہی ذکا اشرف کو کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے طور پر بحال اور معطل کیا جا چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں