پاکستان میں مہنگائی بھارت نے اپنے یاتریوں کیلیے کرتارپور راہداری پر اسٹور کھول دیا

ایک یاتری کو صرف 7 کلو تک خریداری کی اجازت ہوگی، اسٹور پر اشیائے ضروریہ اور مذہبی رسومات کا سامان رکھا گیا ہے

پہلے اپنے شہروں ہی سے سامان خرید کر لایا جاتا تھا، اسٹور کھلنے سے یاتریوں کو سہولت ہوگی، اسٹور مالکان

پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے بھارت نے اپنے یاتریوں کیلیے کرتارپور راہداری پر اسٹور کھول دیا۔

کرتارپور راہدری سے گرو دوارہ سری دربار صاحب، کرتارپور آنے والے یاتریوں کی سہولت کے لیے بھارتی حکومت نے اپنے علاقے میں خصوصی اسٹور کھول دیا۔ پاکستان میں مہنگائی کے باعث بھارتی یاتری اس اسٹور سے لنگر میں حصہ ڈالنے کے لیے سبزیاں، چاول، مصالحہ جات سمیت مذہبی رسومات کے لیے دیگر اشیا خرید سکیں گے۔


بھارتی مرکزی حکومت کی جانب سے کھولے گئے اسٹور سے ایک یاتری کو صرف 7 کلو تک سامان خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اسٹور کھولنے والے سُکھ ویندر سنگھ راجندر سنگھ نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسٹور میں اس وقت ٹماٹر، ہری مرچ، ادرک، لہسن، پیاز، دالیں، تیل، دیسی گھی، آٹا، چاول اور دیگر اشیا کے علاوہ رومال، کنگھی، کڑا، کرپان وغیرہ رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل راہ داری میں داخل ہونے کے بعد عقیدت مندوں کو گرو گھر لے جانے کے لیے کچھ نہیں ملتا تھا۔ یاتری اپنے شہروں ہی سے سامان خرید کر ساتھ لاتے تھے یاپھر پاکستان پہنچ کر گرو دوارہ صاحب کے احاطے میں بنائی گئی دکانوں سے یہ سامان خریدتے تھے۔ پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے یاتریوں کو لنگر کا سامان کافی مہنگا خریدنا پڑتا تھا لیکن اب اس اسٹور کے کھلنے سے عقیدت مند گرو گھر کے لنگر کا سامان اور دیگر سامان لے جاسکتے ہیں۔
Load Next Story