اسلام آباد میں لینڈنگ کے دوران جہاز سے جانور ٹکرا گیا
رن وے پر جانور کی باقیات موجود، ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا
اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران جہاز سے جانور ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران وائلڈ لائف ہٹ کا واقعہ پیش آیا ہے، دبئی سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ نے رات 11 بج کر 51 پر لینڈ کیا، لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے رن وے 28L پر لینڈنگ رول کے دوران نوز وہیل پر جانور ٹکرانے کی اطلاع دی، رن وے کا معائنہ پر ٹیکسی وے C اور F کے درمیان مردہ جانوروں کی باقیات پائی گئیں۔
متعلقہ ائرلائین کے انجینئرنگ شعبے نے ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی اطلاع دی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد ائرپورٹ پر جہاز کو حادثہ کہنا قطعی درست نہیں، وائلڈ لائف کو ائرپورٹس سے دور رکھنے کے ہرممکن انتظامات کیے جاتے ہیں، متعلقہ حکام واقعہ کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔