اوکاڑہ میں بااثر افراد کا حاملہ خاتون پر تشدد 7 ماہ کا بچہ پیٹ میں ہی جاں بحق
پولیس نے بااثر افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، ڈاکٹر رپورٹ نہیں دے رہی، متاثرہ خاتون سے آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ
پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں بااثر افراد کے حاملہ خاتون پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں بچہ پیٹ میں ہی جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شمال مشرق میں واقع ضلع اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد میں بااثر افراد نے 7 ماہ کی حاملہ خاتون پر وحشیانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگئی۔
خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے فوری طور پر آپریشن تجویز کیا تاکہ نومولود کی جان بچائی جاسکے مگر ایسا ممکن نہ ہوا کیونکہ تشدد کے باعث نومولود ماں کے پیٹ میں ہی دم توڑ گیا۔
متاثرہ خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ بااثر افراد کے حکم پر آر ایچ سی میں تعینات لیڈی ڈاکٹر نے میڈیکل رپورٹ دینے سے انکار کردیا جبکہ مقامی پولیس تھانہ صدر رینالہ نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔
متاثرہ خاتون نے آئی جی پنجاب سے واقعے پر نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔