سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات پولنگ کا وقت ختم ووٹوں کی گنتی شروع

شہر قائد میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی 9 نشستوں پر پولنگ ہوئی

پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی (فوٹو: فائل)

کراچی سمیت صوبہ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے جس کے بعد اب ووٹوں کی گتنی شروع کردی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے میڈیا کو شام 6 بجے تک غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نشر کی پابندی عائد کردی۔

الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا شام 6 بجے سے پہلے کسی پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نشر نہیں کر سکتا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک تھا۔

واضح رہے شہر قائد میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی 9 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ 9 نشستوں پر پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سمیت 54 امیدوار میدان میں ہیں۔ ضمنی انتخاب والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 686 ہے۔ 1 لاکھ 12 ہزار 271 مرد اور 94 ہزار 415 خواتین ووٹرز ہیں۔


شہر قائد میں 121 پولنگ میں سے تمام کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ضلع ملیر کے گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 7 کے چیئرمین، وائس چیئرمین کا انتخاب ہوگا، گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 1 وارڈ 4 کے جنرل ممبر اور یو سی 2 وارڈ 3 کے جنرل ممبر کے لیے الیکشن ہے۔


ضلع شرقی کے جناح ٹاؤن کی یو سی 6 کے جنرل ممبر کے لیے پولنگ ہوئی۔

ضلع کیماڑی کے ماڑی پور ٹاؤن کی یو سی 3 کے چیئرمین کے لیے ضمنی انتخاب ہوگا، ضلع وسطی میں ناظم آباد ٹاؤن کی یو سی 5 وارڈ 3 کے جنرل ممبر کے لیے پولنگ ہوئی، ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن کی یو سی 6 کے وائس چیئرمین کا الیکشن ہوگا، صدر ٹاؤن کی یو سی 12 کے وائس چیئرمین اور یو سی 13 کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔

مزید یہ کہ میئر کراچی نے 3 یونین کمیٹیوں سے چیئرمین کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، مرتضی وہاب ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یو سی 7 سے چیئرمین کے عہدے پر بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ میئر کراچی نے ماڑی پور ٹاؤن کی یو سی 3 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، میئر کراچی صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے چیئرمین کے لیے انتخابی میدان میں موجود ہیں جب کہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 7 سے چیئرمین کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
Load Next Story