نئی بھارتی حکومت کے ساتھ بامعنی اورپائیدار مذاکرات کیلئے تیار ہیں صدر ممنون حسین

دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کررکھا ہے،صدرمملکت


ویب ڈیسک May 21, 2014
پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ اور اچھی ہمسائیگی کے تعلقات چاہتا ہے ۔ممنون حسین۔فوٹو:پی آئی ڈی

ISLAMABAD:

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نئی بھارتی حکومت کے ساتھ بامعنی اور پائیدار مزاکرات کے لیے تیار ہے کیونکہ ہم مستحکم،پر امن اور خوشحال ایشیا کے خواہاں ہیں۔


سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق چین کے شہر شنگھائی میں ایشیا مصالحت اوراعتماد سازی کے چوتھے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ اور اچھی ہمسائیگی کے تعلقات چاہتا ہے جس کے لیے نئی بھارتی حکومت کے ساتھ بامعنی اور پائیدار مذاکرات کرنے کو تیار ہیں تاکہ تصفیہ طلب مسائل حل کیے جائیں اور دوستانہ تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات قائم کیے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کررکھا ہے کیونکہ پر امن اور مستحکم افغانستان پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔


صدر ممنون حسین نے براعظم ایشیا میں سلامتی کے جامع تصور کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کے ایسے جامع تعاون پر مبنی اور پائیدار نظام سے تمام ملکوں کو فائدہ پہنچے گا جو باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہوگا اور جس میں خطے کے تمام ملکوں کے سیکیورٹی خدشات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعتماد سازی کے اقدامات اور تنازعات کے پر امن حل سے مشترکہ سلامتی کے اہداف پورے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں