کراچی میں ریٹائرڈ ڈی آئی جی کے گھر سے 20 لاکھ روپے کے طوطے چوری

قیمتی طوطوں میں 20 جوڑیاں اور ایک اکیلا طوطا شامل تھا، چوری کرنے والا ایک ہی شخص تھا، پولیس


Staff Reporter November 06, 2023
(فوٹو : ایکسپریس)

گلشن معمار میں ریٹائرڈ ڈی آئی جی کے گھرسے 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 41 قیمتی طوطے چوری کرلیے گئے، پولیس نے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی۔

ایکسپریس کے مطابق گلشن معمار سیکٹر وی ٹو مکان نمبر اے 67 میں رہائش پذیر جیل خانہ جات کے ریٹائرڈ ڈی آئی جی راجہ ممتاز کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے 41 قیمتی طوطے چوری کر لیے گئے، اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور شواہد جمع کرنے کے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔

ایس ایچ او گلشن معمار وقار قیصر کے مطابق ریٹائرڈ ڈی آئی جی راجہ ممتاز نے اپنے گھر کی چھت پر پنجروں میں قیمتی طوطے پالے ہوئے تھے، راجہ ممتاز نے بتایا کہ رات 2 سے ڈھائی بجے تک طوطے پنجرے میں موجود تھے، رات 3 سے 6 بجے کے درمیان طوطے چوری کرنے کی واردات انجام دی گئی، چوری کیے جانے والے قیمتی طوطوں میں 20 جوڑیاں اور ایک اکیلا طوطا تھا ان تمام کی مالیت 20 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان ریٹائرڈ ڈی آئی جی کے گھر سے متصل دوسرے گھرکی عقبی جگہ سے پائپ کے ذریعے چھت پر چڑھے اور قیمتی طوطے چوری کرکے فرار ہوگئے، نشانات سے معلوم ہوتا ہے کہ چوری کی واردات میں ایک ہی ملزم ملوث تھا جس نے اطمینان سے رات گئے واردات انجام دی۔

انھوں نے بتایا کہ راجہ ممتاز کے گھر چھت پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں البتہ محلے سے فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں جلد تفتیش میں پیش رفت سامنے آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں