اس بار پاکستان کے عوام لاہور سے وزیراعظم منتخب نہیں کریں گے بلاول بھٹو

صوبے کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے، آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے کی خبر پرانی ہے، گفتگو

فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس بار پاکستان کے عوام لاہور سے وزیر اعظم منتخب نہیں کریں گے، کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو نے گزری اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ( کراچی کے) بلدیاتی انتخابات فروری کے الیکشن کا ٹریلر ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ اس وقت بلدیاتی انتخابات جیتے جب ہم حکومت میں نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، ملک کو معاشی مسائل، غربت اور مہنگائی سے نجات دلانی ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت ہی غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتی ہے۔

نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے کی خبر پرانی ہے، ہم نے کسی جماعت کے لیے اپنے دروازے بند نہیں کیے ہیں، ہم اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔


بلاول بھٹو نے کہا کہ اب ہم بلدیاتی اور صوبائی کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے۔ 8 فروری کو ثابت کردیں گے، فتح صرف تیر کی ہوگی۔ اس بار پاکستان کے عوام وزیراعظم لاہور سے منتخب نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئین صدر مملکت کو الیکٹرول کالج مکمل ہونے تک عہدہ سنبھالنے کی اجازت دیتا ہے، مگر صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ نون لیگ آج مطالبہ کررہی ہے مگر ہم تو ابتدا ہی سے یہ کہہ رہے ہیں، 15 ماہ میں صدر کے خلاف کیوں کچھ نہیں کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ترقیاتی اسکیموں پر پابندی لگائی ہے مگر پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، ہمارے بھائی محسن نقوی کی درخواست پر تو ایک دن میں ہی آٹو پر اجازت مل جاتی ہے مگر سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کو اس کی اجازت نہیں دی جارہی، سندھ کے ساتھ سوتیلے جیسا سلوک ہورہا ہے۔

دہشت گردی کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے، افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردوں کے پاس موجود ہے۔
Load Next Story