یوکرین نے روسی میزائل حملے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی

روس نے 3 نومبر کو سرحدی گاؤں میں ہونےو الی تقریب کو بلیسٹک میزائل سے نشانہ بنایا تھا، یوکرینی فوج


ویب ڈیسک November 06, 2023
فوٹو: فائل

یوکرین نے گذشتہ ہفتے روسی میزائل حملے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

یوکرینی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ 3 نومبر بروز جمعہ جنوب مشرقی یوکرین میں ژاپروژویا کے شہر میں اگلے محاذ پر ہونے والی ایوارڈز کی ایک تقریب پر میزائل حملے میں فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، تاہم حکومتی سطح پر ان ہلاکتوں کی تصدیق اب کی گئی ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرین کی 128 ویں ماؤنٹین اسالٹ بریگیڈ کی جانب سے آج ( 6 نومبر کو) جاری کردہ بیان میں 19 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

ہفتے کے روز یوکرینی وزیردفاع نے کہا تھا کہ حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

یوکرینی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک علیٰحدہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ روس نے اس علاقے کو' اسکندر ' بلیسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے جہاں اس تقریب کے لیے فوجی جمع تھے۔

دریں اثنا روسی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ روسی افواج نے یوکرینی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں کم از کم 30 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

یوکرین کے بیورو آف انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ وہ ملٹری کمانڈ کے اس فیصلے کی تفتیش کررہا ہے جس کے تحت فرنٹ لائن کے قریب گاؤں میں ' راکٹ اینڈ آرٹلری ڈے ' کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔

روسی حملے میں فوجیوں کی ہلاکت پر یوکرینی صدر ولادیمیر زینسکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس سے بچا جاسکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش کے نتیجے میں آنجہانی سپاہیوں کے اہل خانہ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ یہ سانحہ کیسے ہوا اور کیا اس کی وجہ کوئی نامناسب حکم نامہ تو نہیں تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |